بھٹکل:6/جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے سلور جوبلی کے موقع پر جمعہ کی شام تعلقہ کے چن پٹن ہنومنت مندر سے شمس الدین سرکل تک روڈ شو اور عوامی ریلی کے ذریعے عوام الناس کو پروگرام میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی جس میں اسوسی ایشن کے زیادہ تر رپورٹرس موجود تھے۔
سلورجوبلی پروگرام کی افتتاحی تقریب کل 7 جنوری بروز سنیچر شام چھ بجے گرو سدھیندرا کالج کے میدان میں منعقد کی گئی ہے۔ پروگرام کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ ریاست کے مشہور کنڑا شاعر ، ادیب اور نقاد، پدم شری جناب نثار احمد پروگرام کا افتتاح کریں گے، رکن اسمبلی منکال وئیدیا صدار ت کریں گے۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر اسوسی ایشن کے ویب سائٹ کا افتتاح کریں گی۔ مہمان خصوصی کے طورپر ضلع کے ڈپٹی کمشنر، ایس ایس نکول ، اسوسی ایشن کے ریاستی صدر این راجو، ادیب و شاعر ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف، نامدھاری سنگھا کے صدر ڈی بی نائک ،بھٹکل ایجوکیشن سوسائٹی کے راجیش نایک، اسوسی ایشن کے ضلعی صدر سبرائے بھٹ بکل ، تعلقہ صدر رادھا کرشنا بھٹ موجود رہیں گے۔
افتتاحی تقریب کے بعد دلچسپ تفریحی اور کامیڈی شو پیش کیا جائے گا، ثقافتی اور موسیقی کے پروگرام بھی ہونگے۔ جس میں خاص کرکنڑا فلمی ایکٹرپریم، رمیش بابو، انوپما بھٹ کے علاوہ سورنا نیوز چینل کی کوراسٹوری کی ایڈیٹر وجئے لکشمی کو ’’ کراولی رتن‘‘ کے خطاب سے نوازتے ہوئے تہنیت کی جائے گی۔ جس کے بعد ریاستی سطح کا ڈانس پروگرام ہوگا جس میں ریاست کے تقریبا تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر مسٹر رادھا کرشنا بھٹ نے بھٹکل کے تمام لوگوں سے کثیر تعداد میں پروگرام میں شریک ہونے کی درخواست کی ہے۔

مہمان خصوصی جناب نثار احمد کا بھٹکل میں پرتپاک استقبال: سنیچر شام کو شروع ہونے والے افتتاحی پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کنڑا شاعر اور معروف ادیب جناب نثار احمد جمعہ شام بھٹکل پہنچے، اس موقع پر شمس الدین سرکل پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ نے پہلے انہیں پھولوں کی مالا پہنائی، پھر سفر کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے سیدھے مرڈیشور ہوٹل لے گئے۔ سرکل پر جرنلسٹ اسوسی ایشن کے کافی رپورٹرس موجود تھے، جن کے ساتھ جناب نثاراحمد نے کچھ دیر گفتگوبھی کی۔